جمرود میں شدت پسندوں نے رکن قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے

08/25/2014 22:16

باڑہ نیوز ڈاٹ نیٹ 


جمرود میں شدت پسندوں نے رکن قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے ۔اتوار کے روز جمرود کے مختلف علاقوں سے عسکریت پسندوں کی جانب سے پمفلیٹس کے ذریعے حلقہ این اے پنتالیس کے عوام کو خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام لوگ الحاج شاہ جی گل سے کنارہ کشی اختیار کریں اور مقامی جرگوں میں شرکت سے بھی گریز کریں بصورت دیگر سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے ۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ پمفلیٹس کو جمرود کے علاقہ غنڈی ،پمپ ہاؤس ،بکر آباد ،سورکمر اور دیگر دیہات میں تقسیم کیا گیا ہے ۔پمفلیٹس میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ الحاج شاہ جی گل امریکی ایجنٹ ہے اور وہ امریکہ کی ایماء پر مجاہدین کو نقصان پہنچا رہے ہیں اس لئے جمرود کے عوام ان سے تعلقات ختم کریں ورنہ انجام بہت برا ہوگا ۔ جمرود کے مقامی لوگوں نے پمفلیٹس چسپاں ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم ابھی تک کسی شدت پسند گروپ نے اعلان جنگ کی تصدیق نہیں کی ہے ۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل الحاج شاہ جی گل کے چچا زاد کو نامعلوم افراد نے اغواء کیا تھا جبکہ ان کا ایک چچازاد عسکریت پسندوں نے فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا ۔پمفلیٹس کی تقسیم کے بعد حلقہ این اے پنتالیس کے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور مقامی سطح پر جمرود کے عوام نے الحاج شاہ جی گل سے کنارہ کشی اختیار کر نا شروع کر دیا ہے ۔